سوات، جنرل بس سٹینڈ مینگورہ میں ریڑھی بان ٹی ایم اے کے خلاف سراپا احتجاج
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ٹی ایم اے کی کارروائی کے خلاف محنت کش طبقہ سراپااحتجاج، جنرل بس سٹینڈ میں احتجاجی مظاہرہ، ریڑھی بان ٹی ایم اے گاڑی کے آگے احتجاجاً لیٹ گئے۔ جنرل بس سٹینڈ بائی پاس روڈ کے اندرپھل اوردیگراشیاء فروخت کرنیوالے ریڑھی بانوں نے ٹی ایم اے کی طرف سے کارروائی کی شدید مزاحمت کرتے ہوئے ٹی ایم اے کی گاڑی کے آگے لیٹ گئے۔ٹی ایم اے کے متعلقہ حکام نے بس سٹینڈ کے اندر ریڑھیوں کواٹھاکرگاڑی میں ڈال دیاجس پر محنت کش طبقہ سراپااحتجاج بن گیا، اوروہ گاڑی کے آگے لیٹ گئے اور گاڑی کوآگے جانے نہیں دیا، محنت کش افراد نے شدید نعرہ بازی کی اور واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت ظالمانہ کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اس موقع پر سلطان محمود، لقمان، واجد، عبدالرحمان، مانے، برکت خان، عالم گیر، اوردیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نامعلوم وجوہات کی بناء پر ظلم کانشانہ بنایاجارہاہے، رزق حلال کی کمائی کی راہ میں ٹی ایم اے رکاوٹ بن رہاہے، حالانکہ اڈہ ٹھیکیدار کے ساتھ ہم نے معاملات طے کررکھے ہے لیکن اس کے باوجود ٹی ایم اے والے ہمیں بلاجواز تنگ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ چالیس سالوں سے اس کاروبار سے وابستہ ہیں اوریہ ہمارا ذریعہ معاش ہے انہوں نے خبردارکیاکہ اگریہ سلسلہ بندنہ کیاگیاتووہ اپنے بھال بچوں سمیت وزیراعلیٰ کے گھر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے۔