سوات: ایم این اے ڈاکٹر امجد علی کی سوشل میڈیا ٹیم پر صحافی سلمان یوسفزئی کی آواز دبانے کی کوشش کا الزام

سوات: مقامی صحافتی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایم این اے ڈاکٹر امجد علی کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے صحافی سلمان یوسفزئی کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے، جس کا مقصد تنقیدی آواز کو دبانا اور عوامی حلقوں میں انہیں متنازع بنانے کی کوشش ہے۔
ذرائع کے مطابق سلمان یوسفزئی اکثر سوات کے عوامی مسائل، ترقیاتی امور اور منتخب نمائندوں کی کارکردگی سے متعلق سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔ سوات کے صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں سے جوابدہی طلب کرنا جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم اس کے جواب میں صحافیوں کو سوشل میڈیا مہمات کے ذریعے نشانہ بنانا افسوسناک طرز عمل ہے۔
صحافتی برادری کے نمائندوں نے کہا ہے کہ اگر کسی مؤقف سے اختلاف ہو تو اس کا جواب دلیل، کارکردگی اور حقائق سے دیا جانا چاہیے، نہ کہ کردار کشی اور دباؤ کے ہتھکنڈوں سے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو آزادانہ طور پر فرائض انجام دینے دیا جائے اور آزادیٔ اظہار کا احترام کیا جائے۔



