سوات سمیت دیگراضلاع میں نمونیا اور تشنج سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ
سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) سوات سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں سردی کی شدت بڑھتے ہی نمونیا اور تشنج کی بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی روک تھام کے لئے اسپتالوں میں انتظامات کی ہدایات کردی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران سوات سمیت بونیر،دیر،چترال،مردان،صوابی،نوشہرہ،چارسدہ اور دیگر اضلاع میں نمونیا اور تشنج سے متاثرہ بچوں ی تعداد میں اضافہ ہوا۔
اسپتالوں سے ملنے والی رپورٹس کو محکمہ صحت ارسال کردیا گیا ہے جس کے مطابق مقامی اسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے متاثرہ بچوں کو بڑے شہروں میں ریفر کیا جا رہا ہے۔ جس کے پیش نظر تمام اضلاع کے ہسپتالوں کو ہنگامی بنیادوں پر بچوں کے علاج کیلئے لازمی ادویات اور مشینری فعال رکھنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں وارڈز اور انتہائی نگہداشت یونٹس میں بچوں کیلئے بستر اور آکسیجن پوائنٹس کا مسئلہ بھی شدید ہورہا ہے جبکہ تشنج کی بیماری کیلئے ہسپتالوں میں جان بچانیوالی ادویات بھی دستیاب نہیں جس کیلئے آئندہ ہفتے تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا۔