سوات میں امن کے قیام کے لئے سوات سمیت مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ) صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سوات کے امن کے لئے احتجاجی مظاہرے ہوئے، سوات کے علاقے چارباغ، بریکوٹ،شانگلہ، بٹگرام اور بونیر میں سول سوسائٹی کی جانب سے سوات میں دہشت گردی کے خلاف مظاہروں میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
سوات کی تحصیل چارباغ میں احتجاجی مظاہرے سے وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے بھی خطاب کیا ، امیر مقام کا کہنا ہے کہ امن وامان کے قیام پر کسی کے ساتھ بھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے، سوات ہمارا گھر ہے اور اس کے امن کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہا ” مرکزی حکومت سوات میں امن و امان کے ھوالے سے سنجیدہ ہے اور بہت جلد سوات میں دوبارہ امن کی صورت حال بہتر ہو گی”
مظاہرے میں امن کے لئے اور دہشت گردی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ مظاہرین کا موقف تھا کہ سوات میں حالیہ واقعات میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے، سوات میں امن کے لئے اب عوام سڑکوں پر ہیں کسی کو بھی یہان بد امنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی
تحصیل بریکوٹ میں بھی صوبائی حکومت کے وزراء اور ممبران قومی اسمبلی کی جانب سے امن کے لئے مظاہرہ کیا گیا، جس میں صوبائی وزراء محب اللہ خان، ڈاکٹر امجد، ایم پی ایز فضل حکیم، فضل مولا، ایم این اے سلیم الرحمن، سٹی مئیر شاہد علی خان اور کثیر تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان نے شرکت کی۔
مظاہرے سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر محب اللہ خان نے کہا کہ سوات میں بد امنی پھیلانے اور صوبائی حکومت کو بدنام کرنے کی سازش رچائی جا رہی ہے جسے ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ سوات کے لوگ پر امن ہے ، ہم امن چاہتے ہیں ، جو بھی سوات کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
سٹی مئیر شاہد علی خان نے کہا کہ سوات میں امن کے قیام کے لئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا، امن ہم سب کا مطالبہ ہے، عوام کی جانب سے بھی شدید مزاحمت سامنے آرہی ہے جس سے ایک بات یقینی ہو گئی ہے کہ اب اس سرزمین پر کوئی بھی خون کی ہولی نہیں کھیل سکتا۔ ضلع شانگلہ، بونیر اور بٹگرام میں بھی سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے سوات میں امن کے قیام کے لئے احتجاجی مطاہرے کئے گئے جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے، مظاہرین کا یک ہی موقف تھا کہ پختونوں کے علاقوں میں مزید بد امنی برداشت نہیں کی جائے گی