سیاحت کی بحالی میں ہوٹل انڈسٹری کا کلیدی کردار ہے،عدنان اورنگزیب
سوات (زماسوات ڈاٹ کام ۔13ستمبر2017ء )شہزادہ میاں گل عدنان اورنگ زیب نے کہا ہے کہ سوات کی تباہ حال سیاحت کی بحالی میں ہوٹل انڈسٹری کلیدی حیثیت رکھتی ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، سوات میں مثالی امن کے دعووں کی بجائے اس حوالے سے عملی اقدامات کی اب بھی ضرورت ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سوات میں جدید سہولیات سے آراستہ ہوٹل برج ال سوات کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، افتتاحی تقریب میں ہوٹل کے چیف ایگزیکٹیو محمدسرور خان کی دعوت پر علاقے کی معززین جن میں صحافیوں سمیت ہر طبقہ فکر کی لوگوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی ، پرنس عدنا ن اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست سوات کے دور میں یہاں مثالی امن رہا لیکن بعد میں مخصوص حالات کی بناء پر اس امن کو نقصان پہنچا جسے اب دوام بخشنے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے ، انہوں نے ہوٹل انتظامیہ کو سوات میں جدید سہولیات سے آراستہ ہوٹل بنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت سے بھی سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا، تقریب سے سوات پریس کلب کے صدر شہزاد عالم ،سینئر صحافی شیرین زادہ ہیومن رائٹس کے راجہ لیاقت علی خان ،افضل شاہ ، محمد سعید خان اور انعام الرحمن نے بھی خطاب کیا۔