عید پر صفائی اور سیاحوں کی آمد ، ادارے مکمل تیار ہیں، فضل حکیم خان یوسفزئی
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے حوالے سے ضلع سوات میں تمام تر اتنظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ڈبلیو ایس ایس سی اور ٹی ایم ایز اہلکار عید کے دوران ضلع کے تحصیلوں کو مکمل صاف ستھرا رکھنے پر معمور ہوں گے جس کیلئے ٹیمیں تیار کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید الاضحیٰ پر قربانی کے بعد گندگی کو گھر کے باہر گلی، محلے اور نالیوں میں نہ پھینکیں بلکہ گندگی اور آلائشوں کو شاپر یا بیگز میں بند کرکے ڈبلیو ایس ایس سی اور ٹی ایم ایز کے مخصوص کردہ پوائنٹس پر پہنچائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حجرہ مکان باغ میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فضل حکیم خان یوسفزئی نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کئے۔ عوامی وفود سے ملاقات میں ایم پی فضل حکیم خان یوسفزئی نے عوام سے صفائی عملے سے تعاون جاری رکھنے اور شہر کی صفائی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ عید چھٹیوں میں سیاحوں کی امد کے لئے بھی خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں جس کے کئے بھی ادارے مستعد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت، پولیس، ریسکیو1122،ضلعی انتظامیہ،ڈبلیو ایس ایس سی، ٹی ایم ایز اور دیگر ادارے متحرک رہیں گے اور کسی بھی شکایات کی صورت میں متعلقہ اداروں اور چئیرمین ڈیڈیک سے رابط کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے دورے کریں گے۔