مینگورہ کے علاقہ فضا گٹ میں پانی کے تنازعہ پر فائرنگ سے سگے بھائی قتل
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 19 جولائی 2019ء) مینگورہ کے نواحی علاقہ فضا گٹ میں دو فریقین کے مابین پانی کے پائپ کے تنازعہ پر فائرنگ سے 2سگے بھائیوں کو قتل کردیا گیا۔ ملزمان اہلِ خانہ سمیت گھر بار چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس اسٹیشن مینگورہ کے مطابق واقعہ رات گئے مینگورہ کے نواحی علاقہ فضا گٹ میں پیش آیا، جہاں پر ملزمان اخترحسین اور اس کے بیٹوں شاہ حسین اورحسن نے مبینہ طور پر فائرنگ اور چھریوں کے وار کرکے دو سگے بھائیوں اسماعیل اور لیاقت پسران خلیل ساکنان کوٹکے شانگلہ حال فضا گٹ کو قتل کردیا۔ ملزمان اہلِ خانہ سمیت گھرکو تالے لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔ملزمان مبینہ طور پر صوابی سے تعلق رکھنے والے تھے جوکہ روزگار کے سلسلہ میں یہاں رہائش پزیر تھے۔