پاکستان میں کورونا سے آج مزید 5 اموات، ہلاکتیں 212 ہوگئیں، مجموعی کیسز 10 ہزار سے تجاوز کرگئے
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مہلک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 212 ہو گئی ہے جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 10069 تک پہنچ گئی ہے۔ 212 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 80 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں 69، پنجاب میں 51، بلوچستان میں 6 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔ آج بروز بدھ ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 403 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 5 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جن میں سے سندھ میں 320 کیسز 3 ہلاکتیں، پنجاب 73 کیسز اور 2 ہلاکتیں، اسلام آباد 9 کیسز اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہواہے۔
سندھ
سندھ میں آج بروز بدھ اب تک مزید 320 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور 3 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 69 اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 3373 ہوگئی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 50 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 715 ہوگئی ہے۔ عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں اب تک کورونا سے 724 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 194 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں آج کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں منگل کو 69 نئے کیسز اور 6 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 80 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1345 ہوگئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں اب تک 335 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں منگل کو کورونا وائرس کے مزید 30 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 495 ہوگئی ہے۔ صوبے میں اب تک کورونا سے 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 167 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 2 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 283 ہو گئی جب کہ اب تک 198 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 82 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔