ڈی سی سوات کا سپورٹس کمپلیکس کا دورہ، سہولیات کا جائزہ، گراسی گراؤنڈ کرکٹ سٹیڈیم کا تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سید نعمان علی شاہ کے ہمراہ آفیسرز کلب، سپورٹس کمپلیکس، زیرِ تعمیر گراسی گراؤنڈ کرکٹ سٹیڈیم اور فٹ بال گراؤنڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر سوات نے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے لیے دستیاب سہولیات، جاری ترقیاتی کاموں اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

آفیسرز کلب اور سپورٹس کمپلیکس کے معائنے کے دوران انہوں نے بیڈمنٹن کورٹ، آصف شہاب سکواش کورٹ، جمنازیم اور دیگر کھیلوں کی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو جمنازیم میں جدید فٹنس مشینوں اور ضروری آلات کی فراہمی، موجودہ سہولیات کی دیکھ بھال اور فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے سپورٹس کمپلیکس میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سوات نے زیرِ تعمیر گراسی گراؤنڈ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سید نعمان علی شاہ نے منصوبے پر جاری کام اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ منصوبے کے باقی ماندہ کام کو مقررہ مدت میں معیار کے مطابق مکمل کیا جائے جبکہ تعمیراتی رفتار، شفافیت اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے فٹ بال گراؤنڈ کا بھی معائنہ کیا اور میدان کی صفائی، دیکھ بھال اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گراؤنڈ میں موٹر سائیکلوں کے داخلے کو روکا جائے اور اسے نوجوانوں کے لیے محفوظ اور سازگار بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام کھیلوں کے مراکز کی باقاعدہ نگرانی، صفائی اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے گی۔

Show More
Back to top button