کالام بازار میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا آپریشن

سوات: صوبائی حکومت کی ہدایات پر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے کالام بازار میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران مین بازار سے درجنوں عارضی و مستقل تجاوزات ہٹا دی گئیں۔
آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی عدنان ابرار، ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب، اسسٹنٹ کمشنر بحرین جنید خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمن نے کی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، یو ایس ڈی اے کے اہلکار، مقامی پولیس اور ٹورزم پولیس بھی موجود تھے۔
کارروائی کے دوران بازار میں دکانوں، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے سامنے بنائی گئی غیر قانونی تجاوزات کو ختم کر دیا گیا۔ دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ فٹ پاتھ اور سڑکوں پر سامان رکھنے سے گریز کریں اور مقررہ حدود میں اپنا کاروبار جاری رکھیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس کارروائی سے قبل قانونی نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ خلاف ورزی کی صورت میں دوبارہ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔