کرپشن اور رشوت ستانی کے خلاف خپل کور ماڈل سکول میں تقریب
سوات (زما سوات ڈاٹ کام:07دسمبر2017ء)کرپشن اور رشوت ستانی کے خلاف تقریب کا انعقاد ،گذشتہ روز خپل کور ماڈل سکول مکانباغ مینگورہ میں کرپشن اور رشوت ستانی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر سوات عامرآفاق ، اے سی بابوزی شہاب محمد اور تحصیل ناظم اکرام خان کے علاوہ دیگر محکموں کے افسر اں اور علاقے کے عمائدین و طلباء نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ کرپشن اور رشوت ستانی ایک ناقابلِ معافی جرم ہے۔اسلام میں اس کی سختی سے ممانعت ہے یہ معاشرے کو تباہ کردیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر اس کے خلاف جہاد کرسکتے ہیں اور یہ ناسور معاشرے سے ہمیشہ کیلئے ختم کر سکتے ہیں ۔ جس میں دنیا اور آخرت دوونوں کی کامیابی ہے۔ تقریب سے تحصیل خطیب میاں نور بادشاہ نے قرآن اور حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو سب کچھ عطاء کردیا ہے لیکن انسان کو روزی اور پیسہ کمانے کیلئے بے مہارنہیں چھوڑا ہے۔اس کے لئے حلال طریقے سے کمانے کیلئے اصول وضع کئے ہیں ۔تحصیل ناظم اکرام خان نے اس موقع پر کہا کہ ہر انسان کو اللہ تعالیٰ نے ایک مقام عطاکیا ہے اور اگر انسان اپنے دائرے اختیار میں کام کرنے میں کا م چوری سے کام لیتاہو تو یہ بھی کرپشن کے زمرے میں آتاہے۔ ہمیں بہترین انداز اور کرپشن سے پاک لوگو ں کی خدمت کرنا فرض سمجھ کر کرنا چاہیے۔