کوئی سوات کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، نقصان پہنچانے والا سب کا مشترکہ دشمن ہے، فضل حکیم
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) : چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ سوات میں قیام امن کے لئے جو قربانیاں دی گئیں اور جن حالات سے ہو کر قوم کو گزرنا پڑا وہ اج تک نہیں بھولے، دائمی امن کے لئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا، حالات جیسے بھی ہوں عوام اور لیڈرشپ سب یک زبان ہیں کہ امن کا دشمن سب کا مشترکہ دشمن ہے، تخریب کار عناصر کا ساتھ دینے والا بھی سب کا مشترکہ دشمن تصور ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریکوٹ میں امن کے لئے منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں عوامی شرکت نے ثابت کیا کہ عوام کی سپورٹ نہ صرف ہمیں حاصل ہے بلکہ ان کا اعتماد بھی متزلزل ہے, ان کا کہنا تھا کہ سوات میں دہشت گردی نے سب کو یکساں متاثر کیا اور قوم نے جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے اس مشکل وقت کا مقابلہ کیا ہے، اب امن و امان میں بیگاڑ ڈالنے کی جو سازش دوبارہ کی گئی اس کو سب ملکر ناکام بنائیں گے، امن و ترقی ہمارا مشن ہے اور اس مشن میں ہم کامیاب ہوں گے۔ چئیرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ قوم پہلے بھی بیدار تھی اور اب بھی بیدار ہے اور ترقی کے لئے امن پہلا زینہ ہے، امن قائم کئے بنا نہ سیاست ہوسکتی ہے اور نہ ہے قوم ترقی کرسکتی ہے۔ عوامی اجتماع سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام نے جو سپورٹ دی ہے اور اللّٰہ نے جو قوت دی ہے اور اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کررہے ہیں ایسے میں عوام کی حقوق کا تحفظ ہم پر فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا وزیرِ اعلیٰ اور نوجوانوں کا سپورٹ ہوتے ہوئے کوئی بھی سوات کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ہمارا کل سرمایہ عوام ہیں اور زمین ہماری ماں ہے، قوم اور ملک کو نقصان پہنچانے والا سب کا دشمن ہے، اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں ہم سب متفق اور متحد ہیں۔