آج کی خبریںسوات کی خبریں

باجوڑ دھماکے میں شہید اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

سوات (نمائندہ خصوصی) باجوڑ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی، فیصل اسماعیل کی نمازِ جنازہ آج بعد نماز مغرب اُن کے آبائی گاؤں اُوڈیگرام (ضلع سوات) میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید فیصل اسماعیل آج دوپہر دورانِ ڈیوٹی باجوڑ کے علاقے بھاٹک میلہ میں اس وقت ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کا نشانہ بنے جب وہ اپنی سرکاری گاڑی میں گزر رہے تھے۔ واقعے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

نمازِ جنازہ میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی، کمانڈر 6 بریگیڈ کانجو، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر، ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان، ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی، ڈی پی او سوات محمد عمر، مختلف اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی و انتظامی افسران، قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد کمشنر ملاکنڈ، کمانڈر 6 بریگیڈ اور دیگر حکام نے شہید کی میت پر پھول چڑھائے، خراج عقیدت پیش کیا جبکہ سوات پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر شہید کے ایصالِ ثواب اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی۔

شہید فیصل اسماعیل ایک فرض شناس، دیانتدار، باصلاحیت اور عوام دوست افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ مختصر مدت میں اُنہوں نے اپنی خدمت، سادگی، اور انتظامی صلاحیتوں کے باعث عوام کے دل جیت لیے تھے۔ ان کی شہادت نہ صرف محکمہ انتظامیہ بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویژن اور قوم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دی جا رہی ہے

Related Articles

Loading...
Back to top button