مینگورہ: بارامہ میں بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ملزم گرفتار، پستول برآمد

سوات: مینگورہ کے علاقے بارامہ میں معمولی تکرار پر بھائی کو قتل کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی پی او سرکل سٹی کلیم اللہ خان پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی۔
پولیس کے مطابق آر پی او ملاکنڈ زاہد نواز مروت اور ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کی ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں ایس ڈی پی او سٹی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ مینگورہ محمد زیب خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی رحمان ولد گل عالم زیب سکنہ بارامہ کو گرفتار کرلیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے معمولی تکرار پر اپنے بھائی محمد اقبال پر پستول سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول برآمد کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔



