چارباغ آلہ آباد میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 5 ملزمان گرفتار

سوات: تھانہ چارباغ کی حدود آلہ آباد میں دو روز قبل جائیداد کے تنازع پر بھائیوں کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں دو افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا تھا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق واقعے میں یعقوب خان اور رستم خان پسران اکرم خان جاں بحق جبکہ عصمت اللہ زخمی ہوا تھا، جس پر تھانہ چارباغ میں کراس ورژن مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے نوٹس پر ایس ایچ او تھانہ چارباغ نثار الدین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث پانچ ملزمان سجاد، معراج، رحمت اللہ، یوسف خان اور رستم خان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق واقعہ بھائیوں کے درمیان جائیداد کے تنازع پر پیش آیا، جس میں مبینہ طور پر بھتیجے کی فائرنگ سے چچا جبکہ بھائی کے کلہاڑی کے وار سے دوسرا بھائی جاں بحق ہوا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔



