برسوات: عالم گنج مندا میں 26 سالہ خاتون قتل، شوہر، دیور اور ساس کے خلاف مقدمہ درج، ملزمان فرار

برسوات : تحصیل خوازہ خیلہ کے علاقے عالم گنج مندا میں 26 سالہ خاتون نورین کے قتل کے الزام میں شوہر، دیور اور ساس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد تینوں نامزد ملزمان فرار ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ گھریلو ناچاقی کے باعث خاتون کو گزشتہ رات مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔
واقعے پر اہل علاقہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



