سوات میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، دو روز میں مکانات خالی کرنے کی ہدایت

سوات: سوات پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کو دو روز کے اندر مکانات خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سرکل ڈی ایس پی سٹی محمد نصیر باچا نے کہا ہے کہ مکان مالکان فوری طور پر منشیات فروشوں سے اپنے مکانات خالی کرائیں، بصورت دیگر انہیں بھی جرم میں برابر کا شریک تصور کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی میں ملوث افراد اگر اپنے ذاتی گھروں میں مقیم ہیں تو وہ بھی دو روز کے اندر یہ سرگرمیاں ترک کریں یا اپنے مکانات خالی کریں، ورنہ ان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ڈی ایس پی سٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے علاقوں میں منشیات سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔



