بریکوٹ کھلی کچہری: اسسٹنٹ کمشنر اور سرکاری افسران کی شرکت، صفائی اور صحت سمیت دیگر عوامی مسائل سنے گئے

بریکوٹ: صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری پروگرام کے تحت تحصیل بریکوٹ میں اسسٹنٹ کمشنر شوانہ حلیم کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کے مسائل سنے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) بریکوٹ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں نے صفائی، صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز پیش کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ شوانہ حلیم نے شہریوں کی شکایات سننے کے بعد متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ تمام جائز شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ محکموں کے مابین رابطہ کاری کو بہتر بنا کر شہریوں کو بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔


