لوئر دیر حملہ: 3 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا، سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

لوئر دیر؛  گزشتہ روز لڑم کے پہاڑی علاقے حیدر ٹاپ میں فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے لوئر دیر پولیس کے تین اہلکاروں بخت بلند، ریاض خان اور محب اللہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز لوئر دیر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نمازِ جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر دیر سید طلال احمد شاہ، ڈپٹی کمشنر لوئر دیر، کمانڈنٹ دیر ٹاسک فورس سمیت دیگر سول و عسکری حکام، پولیس افسران، شہداء کے لواحقین اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید اہلکاروں کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی اور اعلیٰ حکام کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد آر پی او ملاکنڈ اور ڈی پی او لوئر دیر نے شہید اہلکاروں کے ورثاء سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او ملاکنڈ کا کہنا تھا کہ پولیس فورس امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور اس طرح کے واقعات سے فورس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی اور علاقے میں امن کی بحالی کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گے۔

بعد ازاں، تینوں شہداء کے جسدِ خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز حیدر ٹاپ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں تینوں اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے۔

Show More
Back to top button