بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، لیڈی سرچرز کی تعیناتی اورسیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ
سوات(زما سوات ڈاٹ کام )ملاکنڈ ڈویژن کے سات اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنرمحمد ندیم خان بھی شریک ہوئے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سوات، ملاکنڈ، شانگلہ، دیر لوئر، دیر اپر کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز بھی اجلاس میں موجود تھے، چترال اپر اور چترال لوئر کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن ڈے سیکیورٹی اور پولنگ سٹیشنوں میں انتظامات اور الیکشن سٹاف کی ڈیوٹیوں اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولنگ سٹیشنوں پر لیڈی سرچرز تعینات کرنے اور پولنگ بوتھ میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ ریجنل الیکشن کمیشن کو ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون حاصل رہے گا اور الیکشن عملے کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا احکامات جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن کا پرامن انعقاد مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ و پولیس بھرپور تعاون فراہم کرتے ہوئے الیکشن پر معمور سٹاف کی سیکیورٹی اور نقل و حمل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے پولنگ سٹیشنوں پر لیڈی سرچر تعینات کرتے ہوئے پولنگ سٹیشنوں کی مؤثر سیکیورٹی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔