بونیر پولیس کی کامیاب کارروائیاں: غیر قانونی اسلحہ، منشیات برآمد، مجرم اشتہاری گرفتار
بونیر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بونیر شاہ حسن (پی ایس پی) کی سربراہی میں بونیر پولیس نے ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
پولیس کی جانب سے پچھلے 72 گھنٹوں میں مختلف کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف موثر اقدامات کیے گئے۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر تین پستول، 29 کارتوس، 1367 گرام چرس، اور 345 گرام آئس برآمد کی گئی۔ ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
اسی طرح پولیس نے ایک قتل کیس میں مطلوب مجرم اشتہاری کو بھی گرفتار کرلیا، جو کئی عرصے سے قانون کی گرفت سے فرار تھا۔
ڈی پی او بونیر شاہ حسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں ناکہ بندیوں اور سنیپ چیکنگ کا سلسلہ مستقل طور پر جاری رہے گا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں اور علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔