آج کی خبریںقومی خبریں

بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کو نقصان کے مدنظر صبر کا مظاہرہ کررہے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصانات کے مد نظر صبر وتحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام میں کہا ہے کہ بھارت ایک پالیسی کے تحت کشمیریوں کے حقوق غصب اورانہیں طاقت کے اندھا دھند استعمال سے دبا رہا ہے، وادی کو جیل میں تبدیل کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو قید کردیا گیا ہے، اس سال پانچ فروری یک جہتی کے اظہار سے بڑھ کر ہے، ثابت قدمی سے بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 

آرمی چیف نے کہا کہ کشمیری یواین قراردادوں کی روشنی میں اپنا حق خودارادیت حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہےہیں، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہینگے، کشمیری جدوجہد میں اکیلے نہیں ہم ان کی تکالیف اور بہتر کل کے خوابوں میں، ہر قیمت پر ثابت قدمی سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہت مستعد ہے، آج ہمارے فوجی جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، بھارتی افواج کنٹرول لائن پراشتعال انگیزی اورسول آبادی کو جارحیت کا نشانہ بناتی ہیں، پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، ہم ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصانات کے مد نظر صبر وتحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

Related Articles

Loading...
Back to top button