تحصیل کبل میں چئیرمین کی نشست کے لئے آزاد اُمیدوار جے یوآئی کے حق میں دستبردار
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) تحصیل کبل چیئرمین کیلئے آزاد اُمیدوار قاری اورنگزیب جے یو آئی کے اُمیدوار اشفاق خان ایڈوکیٹ کے حق میں دستبردار ہو گئے اور باقاعدہ جماعت اسلامی سے مستعفی ہو کر جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان بھی کیا، جے یو آئی کے اُمیدوار اشفاق خان کیلئے بھر پور انداز میں انتخابی مہم چلانے کا عزم بھی دہرایا، اس حوالے سے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کی گئی جس میں جمعیت علماء اسلام سوات کے امیر قاری فتحت اللہ، جمعیت علماء اسلام تحصیل کبل کے امیر مفتی عارف اللہ اور جے یو آئی کے نامزد اُمیدوار برائے تحصیل کبل چیئرمین اشفاق خان ایڈوکیٹ بھی شریک تھے، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل کبل چیئرمین کیلئے آزاد اُمیدوار قاری اورنگزیب آف قلاگے نے باقاعدہ جے یو آئی میں شمولیت اور تحصیل کبل کے نامزد اُمیدوار اشفاق خان ایڈوکیٹ کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا اور کہا کہ میں نظریاتی طور پر جمعیت علماء اسلام سے وابستہ ہوں مگر کچھ ناگزیر وجوہات کی بناء پر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی تھی اور گزشتہ بلدیاتی الیکشن میں تحصیل کونسلر کیلئے الیکشن بھی لڑا جس میں 800 ووٹ حاصل کئے اور اس الیکشن میں ساتھیوں کے اصرار پر آزاد حیثیت سے کاغذات جمع کرائے تھے مگر جمعیت علماء اسلام کے قائدین کے جرگہ پر آج اشفاق خان ایڈوکیٹ کے حق میں دستبردار ہوا ہوں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے امیر قاری فتحت اللہ کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام بلدیاتی الیکشن کے فیز ٹو میں بھی سوات سمیت پورے صوبے میں کلین سویپ کرے گی اور لوگوں کی نظریں جمعیت علماء اسلام پر لگی ہوئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے اُمیدوار تحصیل کبل چیئرمین اشفاق خان ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ کامیابی کے بعد تحصیل کبل کے سلگتے مسائل حل کرونگا اور عوام کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرونگا جے یو آئی کے ساتھ عوام کے والہانہ محبت پر اُن کا شکرگزار ہوں۔