تھانہ الوچ پولیس کی کارروائی، بغیر اجازت قیمتی لکڑی لے جانے والا ٹریکٹر پکڑا گیا، 95 ہزار روپے جرمانہ

شانگلہ: ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ کی ہدایات کے تحت ایس ایچ او تھانہ الوچ داور خان نے دورانِ گشت لنک روڈ الوچ تا بگیاڑ دونکاچہ پر کارروائی کرتے ہوئے قیمتی لکڑی سے بھرا ایک ٹریکٹر قبضے میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ٹریکٹر رشید گل ولد امان اللہ، سکنہ بگیاڑ چلا رہا تھا۔ تلاشی کے دوران ٹریکٹر سے پیوچ کی لکڑی کے 24 سلیپر برآمد ہوئے۔ ڈرائیور سے لکڑی کی ترسیل سے متعلق اجازت نامہ طلب کیا گیا، تاہم وہ کوئی قانونی دستاویز پیش نہ کر سکا۔

پولیس نے ٹریکٹر سمیت برآمد شدہ لکڑی تھانہ الوچ منتقل کر دی، جہاں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو طلب کیا گیا۔ بعد ازاں فارسٹر حنیف اللہ نے محکمہ جنگلات کے قوانین کے تحت ملزم پر 95 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، جبکہ برآمد شدہ سلیپر محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیے گئے۔

پولیس کے مطابق غیر قانونی لکڑی کی ترسیل اور جنگلات کے تحفظ کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

Show More
Back to top button