جہانزیب کالج کے طلبہ کا فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج، سڑک بلاک۔
سوات (زما سوات): گورنمنٹ جہانزیب کالج کے طلبہ نے فیسوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی کچہری کے قریب سڑک بلاک کر دی۔ طلبہ نے حکومت اور کالج انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے فیسوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ نے نئی داخلہ فیس میں غیر معمولی اضافہ کرتے ہوئے اسے 850 روپے سے بڑھا کر 2850 روپے کر دیا ہے، جو طلبہ کے لیے برداشت سے باہر ہے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ بیشتر والدین مہنگائی کے اس دور میں اضافی فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اور یہ فیصلہ تعلیمی سلسلے میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
طلبہ نے خبردار کیا کہ اگر فیسوں میں اضافے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ دوسری جانب، کالج انتظامیہ کا مؤقف ابھی تک سامنے نہیں آیا، تاہم طلبہ نے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
احتجاج کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس سے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔