حکومت کا پٹرول بم اُن کی نا اہلی کا ثبوت ہے،محمد امین
سوات(زما سوات ڈاٹ کام)امیر جماعت اسلامی ضلع سوا ت محمد امین نے کہا ہے کہ نا اہل حکمرانوں نے راتوں رات غریب عوام پر پٹرول بم گراکر اپنی نا اہلی کا ثبوت پیش کردیا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پٹرول کی قیمتوں میں یکدم اتنا بڑا اضافہ ہوا ہے۔عمران خان کہہ رہے تھے کہ پٹرول مافیا کیخلاف ایکشن لونگا لیکن حقیقت میں غریب عوام کیخلاف ایکشن لے لیا اور پٹرول مافیا کو راتوں رات اربوں روپے کا فائدہ پہنچا دیا۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمد امین نے ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ہر طرح کے مافیا ز موجود ہیں،جس کی وجہ سے غریب عوام ہر روز اشیاء ضروریہ میں کسی نہ کسی کے بحران سے گزر رہی ہیں،آئے روز غریب عوام کبھی آٹے کیلئے توکبھی پٹرول کی حصول کیلئے دربدر ہو رہے ہیں۔عمران خان غریب عوام کی بجائے اُن مافیاز کا سپورٹ کررہے ہیں جو اُنکی صفوں میں موجود ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم پٹرول کے قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو یکسر مسترد کر تے ہیں اور اگر حکومت نے اپنے اس فیصلے کو واپس نہیں لیا تو ہم اس کیخلاف بھر پور احتجاج کریں گے۔