خوازہ خیلہ: مالاکنڈ ڈویژن کو ٹیکس فری زون قرار دینے کا مطالبہ، مجوزہ ٹیکسوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

عارف احمد

سوات (خوازہ خیلہ): اولسی ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام مالاکنڈ ڈویژن میں مجوزہ ٹیکسوں کے نفاذ اور 25ویں آئینی ترمیم کے خلاف خوازہ خیلہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سماجی شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرے میں پختونخوا نیپ کے شریک چیئرمین مختیار لالا، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی امیر مولانا سید قمر، عوامی نیشنل پارٹی کے تحصیل صدر ڈاکٹر اسماعیل خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنما شریک ہوئے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں مالاکنڈ ڈویژن کی خصوصی آئینی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں مجوزہ ٹیکسوں کا نفاذ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن پہلے ہی معاشی بدحالی، بے روزگاری اور صنعتی ترقی کے فقدان کا شکار ہے، جہاں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں، اس لیے عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنا ناانصافی ہوگی۔

مقررین نے 25ویں آئینی ترمیم پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن کی خصوصی آئینی و قانونی حیثیت کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مالاکنڈ ڈویژن کو مستقل بنیادوں پر ٹیکس فری زون قرار دیا جائے تاکہ مقامی معیشت کو سہارا مل سکے اور عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے قومی و صوبائی اسمبلی کے منتخب اراکین پر زور دیا کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے پر مؤثر کردار ادا کریں اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے مطالبات کی بھرپور نمائندگی کریں۔

Show More
Back to top button