آج کی خبریںسوات کی خبریں

دریائے سوات میں تجاوزات کے خلاف آپریشن عدالتی احکامات پر کیا جا رہا ہے، فضل حکیم

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )ڈیڈک چئیر مین ایم پی اے فضل حکیم نے کہا ہے کہ دریائے سوات کی حدود سے تجاوزات اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی بجاآوری میں ہٹائی گئی ہیں، کارروائی محکمہ ایریگیشن کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے عین مطابق ہوئی ہے، تجاوزات کے خاتمے کے لئے بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی گئی ہے، تجاوزات کے خاتمے کے لئے کی گئی کارروائی کے بارے میں کسی کو شکایات ہیں تو وہ سننے کے لئے تیار ہیں، کسی کے ساتھ بھی ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔
چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان کا کہنا ہے کہ ایریگیشن محکمہ دریائے سوات کی حدود میں جہاں بھی غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرے ضلعی انتظامیہ اس کے خلاف کارروائی کرنے کا پابند ہے، پاکستان تحریک انصاف اس معاملے میں سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر غیر جانبداری کا مظاہرہ کررہی ہے، اس معاملے میں دیگر پارٹیاں بھی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کریں تاکہ ادارے قانون کے مطابق کارروائی کر سکیں۔ دفتر سے جاری بیان میں چیئرمین ڈیڈیک کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں گے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جائز شکایات کی صورت میں شنوائی ہوسکتی ہے اور اس کے لئے ہم متاثرہ افراد کی شکایات سننے کے لئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے دریائے سوات کی حدود میں غیر قانونی تجاوزات کر کے دریا کا گلا گھونٹا گیا جس کی وجہ سے پانی نے مختلف اوقات میں سیلابی شکل اختیار کی اور ضلع میں تباہی و بربادی کا ذریعہ ثابت ہوئی، دریائے سوات کی اصل ساخت کو بحال کرنا اور اس کی حدود کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری ہم ہر صورت نبھائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ دریا، پہاڑ اور قدرتی ہریالی ضلع کی خوبصورتی میں چار چاند لگاتے ہیں اور اس قدرتی تنوع و ماحول کی حفاظت ہمیں کرنی ہے تاکہ ترقی کے منازل طے کرتے ہوئے اس دولت سے محروم نہ ہوں جو اللہ تعالیٰ نے قدرتی خوبصورتی کی صورت میں ہمیں دی ہے اور جس کے ہم امین ہیں

Related Articles

Loading...
Back to top button