رقم و پراپرٹی تنازعہ، چارباغ سامیر قتل کیس کے دو ملزمان 2 گھنٹوں میں گرفتار

سوات: تھانہ چار باغ پولیس نے سامیر میں فائرنگ سے قتل کے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق تھانہ چار باغ کی حدود سامیر میں پراپرٹی اور رقم کی لین دین کے تنازعے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں روشن علی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے ایس ایچ او تھانہ چار باغ نثار الدین کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی، جس پر پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو دو گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت قاری عبد الرحیم ولد نور محمد جان اور فضل مولا ولد حاجی نواب ساکنان سامیر چارباغ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔



