سوات: امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور پاک فوج کا سرکل کبل اور مٹہ میں مشترکہ فلیگ مارچ

سوات: ضلع سوات میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے اور عوام میں احساسِ تحفظ کو فروغ دینے کے لیے سوات پولیس اور پاک فوج نے سرکل کبل اور مٹہ میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔
فلیگ مارچ میں سوات پولیس کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ پاک فوج کے جوانوں نے بھی شرکت کی۔ مارچ کا مقصد امن و امان برقرار رکھنے، عوام کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی باہمی ہم آہنگی اور تیاری کا عملی مظاہرہ کرنا تھا۔
اس موقع پر عوام کو یقین دلایا گیا کہ سوات پولیس اور پاک فوج سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ ضلع سوات میں پائیدار امن کے قیام، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔



