سوات اور بر سوات میں اراضی الاٹمنٹ کے دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب اہم پیش رفت

سوات: صوبائی وزیر برائے ریونیو و اسٹیٹ طارق محمود آریانی کی زیرِ صدارت سروے آف پاکستان اور اراضی ریکارڈ سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سوات میں اراضی الاٹمنٹ کے دیرینہ مسئلے کے حل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی نعیم خان اور علی شاہ خان ایڈوکیٹ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظاہر شاہ خان، سیکرٹری جنگلات جنید خان، ڈی ایل آر یاسر حسن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سوات کی ان اراضی کے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جو سروے آف پاکستان میں مبینہ غلطی کے باعث سرکاری اراضی عوام کو جبکہ عوامی اراضی سرکاری کھاتے میں الاٹ ہوچکی تھی۔
صوبائی وزیر ریونیو طارق محمود آریانی نے محکمہ جنگلات اور محکمہ مال کو مشترکہ طور پر تمام ریکارڈ کا جائزہ لے کر درستگی کا حکم دیتے ہوئے تین ہفتوں کے اندر تمام خامیوں کی تصحیح اور حتمی کارکردگی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔



