سوات: بریکوٹ میں لاپتہ دو کمسن بچوں کی لاشیں گھر کے صندوق سے برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

سوات (عارف احمد) تحصیل بریکوٹ کے علاقے شموزو میں لاپتہ ہونے والے دو کمسن بچوں کی لاشیں دوسرے روز ان کے گھر کی دوسری منزل پر موجود ایک بڑے صندوق سے برآمد ہو گئیں، جس کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ریسکیو 1122 سوات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 5 سالہ ملک احمد خان اور 6 سالہ قیص عبدالرشید کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ دونوں بچے قریبی نالے میں گر گئے ہیں، جس پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سید شعیب منصور کی ہدایات پر ریسکیو 1122 سوات کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے نالے اور دیگر ممکنہ مقامات پر بھرپور سرچ آپریشن کیا، تاہم بچوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
بعد ازاں پولیس کی موجودگی میں دونوں بچوں کی لاشیں ان کے گھر کی دوسری منزل پر رکھے ایک بڑے صندوق سے برآمد ہوئیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 سوات کی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچی، ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بریکوٹ منتقل کر دیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ بچوں کی ہلاکت کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔



