سوات: رحیم آباد میں ٹرانسفارمر کئی روز سے خراب، شہریوں کا احتجاج، سڑک ٹریفک کے لیے بند

سوات: مینگورہ کے علاقے رحیم آباد میں جشنِ آزادی کے روز بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ فارم محلہ کا بجلی کا ٹرانسفارمر کئی روز سے خراب ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کے مطابق ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے مبینہ طور پر 60 ہزار روپے طلب کیے جا رہے ہیں۔

مظاہرین نے سوال اٹھایا کہ بجلی کے باقاعدگی سے بل ادا کرنے کے باوجود ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے شہریوں سے اضافی رقم کیوں وصول کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسز بھی وصول کیے جاتے ہیں، اس کے باوجود بنیادی سہولت کی فراہمی میں غفلت ناقابلِ قبول ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ خراب ٹرانسفارمر فوری طور پر مرمت یا تبدیل کیا جائے اور بجلی کی فراہمی بحال کی جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Show More
Back to top button