سوات: طلبہ کی سہولت کے لیے یونیورسٹی آف سوات کے مرکزی گیٹ کے سامنے کیٹ آئی ریفلیکٹرز نصب

سوات (عارف احمد): یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم کی ایک اور طلبہ دوست کاوش کے تحت یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ کے سامنے سڑک پر طلبہ کی درخواست پر کیٹ آئی ریفلیکٹرز نصب کر دیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد سڑک عبور کرنے والے طلبہ، بالخصوص طالبات، کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ٹریفک کے دوران پیش آنے والے ممکنہ حادثات کی روک تھام کرنا ہے۔ کیٹ آئی ریفلیکٹرز کی تنصیب سے رات کے وقت اور کم روشنی میں گاڑی چلانے والوں کو بھی سڑک کی بہتر رہنمائی حاصل ہوگی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کو محفوظ، سازگار اور سہولت سے بھرپور تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی فلاح و بہبود اور ان کی حفاظت یونیورسٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

طلبہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اسے طلبہ کی حفاظت کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا۔

Show More
Back to top button