سوات: مٹہ میں تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن، شاپ فرنٹس، ریڑھیاں اور غیر قانونی پارکنگ ختم

سوات (عارف احمد): اسسٹنٹ کمشنر مٹہ کی خصوصی ہدایات پر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) اور ٹریفک پولیس نے سمبٹ، درشخیلہ اور کالاکوٹ بازاروں میں تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے عوامی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔
کارروائی کے دوران ٹی ایم اے کے عملے اور ٹریفک حکام نے بازاروں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات ہٹائیں، جبکہ پھلوں اور سبزیوں کی ریڑھیوں، دکانوں کے سامنے قائم غیر قانونی شاپ فرنٹ کاؤنٹرز اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی غیر قانونی پارکنگ کو بھی ختم کر دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق اس کارروائی کا مقصد عوامی راستوں کو ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک کرنا، ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث بازاروں میں ٹریفک جام معمول بن چکا تھا، جبکہ پیدل چلنے والے افراد، بزرگ شہریوں، خواتین اور طلبہ کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
کارروائی کے دوران خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور دیگر افراد کو سختی سے متنبہ کیا گیا کہ آئندہ عوامی مقامات، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر کسی بھی قسم کی تجاوزات قائم نہ کریں۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف جرمانوں، سامان کی ضبطی اور دیگر قانونی کارروائی سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت، بازاروں میں نظم و ضبط اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایسے مشترکہ آپریشن آئندہ بھی جاری رہیں گے۔



