سوات قومی جرگہ کے زیرِ اہتمام لویہ جرگہ، اعلامیہ جاری، امن کی بحالی اور ٹیکسز کے خاتمے کا مطالبہ

سوات: سوات قومی جرگہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ لویہ جرگہ میں تمام سیاسی جماعتوں، تاجر برادری، چیمبر آف کامرس، وکلا، پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن، صحافتی برادری، علاقائی جرگہ مشران، سماجی تنظیموں اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جرگہ کے مشترکہ اعلامیے میں ریاست اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ ایک ماہ کے اندر سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں لائے گئے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کرکے علاقے سے بدامنی کا خاتمہ کیا جائے۔

اعلامیے میں ملاکنڈ ڈویژن کی سابقہ جداگانہ حیثیت کی بحالی اور ڈویژن بھر میں مختلف ٹیکسز کے نفاذ کے فیصلے پر بھی نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق مطالبات پر ایک ماہ کے اندر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں تمام سیاسی و سماجی حلقوں اور عوام کو متحد کرکے ایک بڑے احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔

جرگہ نے کہا کہ اگر احتجاجی جلسے کے باوجود سوات میں بدامنی کا سلسلہ جاری رہا اور ٹیکسز کے نفاذ کا معاملہ حل نہ کیا گیا تو مشران، سیاسی و غیر سیاسی تنظیمیں، تاجر اور وکلا برادری عوام کے ہمراہ احتجاجی دھرنا دیں گے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے اور حالات میں بہتری نہ آنے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

سوات قومی جرگہ نے لویہ جرگہ کے ذریعے امن کی بحالی اور ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے جرگہ مشران کو اختیار بھی دے دیا۔

Show More
Back to top button