یونیورسٹی آف سوات میں یومِ آزادی کی تقریب، شجرکاری مہم کا بھی اہتمام

سوات: یونیورسٹی آف سوات میں پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قاسم، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اسد محسود، یونیورسٹی فیکلٹی، طلبہ و طالبات اور شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ طلبہ کی جانب سے ملی نغمے اور تقاریر بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر خصوصی شجرکاری مہم کا بھی اہتمام کیا گیا اور یونیورسٹی احاطے میں پودے لگائے گئے۔

مقررین نے تحریکِ آزادی کی جدوجہد، قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قاسم نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے، نوجوان حصولِ علم، تحقیق، محنت اور کردار سازی کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اسد محسود نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Show More
Back to top button