سوات: مالم جبہ میں امن جرگہ، عوامی شکایت کا ازالہ اور سیاحتی سہولیات کا جائزہ

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اسد محسود نے پراوینشل ایکشن پلان کے تحت پولیس چوکی مالم جبہ میں امن جرگہ منعقد کیا، جبکہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول عوامی شکایت کا موقع پر ازالہ کیا اور منگلور تا مالم جبہ روڈ پر عوامی و سیاحتی سہولیات کا جائزہ لیا۔
امن جرگے میں مقامی عمائدین اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی، جہاں امن و امان کی صورتحال، باہمی تعاون اور علاقے کے مجموعی استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اسد محسود نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مقامی آبادی کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔
انہوں نے شہریوں کو افواہوں، غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ اور ہوائی فائرنگ سے گریز کرنے کی بھی تاکید کی، جبکہ کہا کہ امن و امان کا قیام انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
بعد ازاں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی عوامی شکایت کے حوالے سے سیمسن ریزورٹ کی انتظامیہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے شکایت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور متعلقہ فریقین کے ساتھ بات چیت کے بعد معاملہ موقع پر حل کر دیا۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری اقدام کے تحت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے منگلور تا مالم جبہ روڈ کا دورہ کیا، جہاں عوام اور سیاحوں کی سہولت و رہنمائی کے لیے نصب انتباہی سائن بورڈز اور دیگر ضروری سہولیات کا معائنہ کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیاحتی علاقے میں عوامی سہولیات، حفاظتی اقدامات اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔



