شفیع جان نے سائنس، ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اضافی قلمدان سنبھال لیا

پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے سائنس، ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے محکمے کا اضافی قلمدان کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔
اس موقع پر سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبدالباسط خان سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
چارج سنبھالنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے اضافی ذمہ داری سونپنے اور اعتماد کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل گورننس کو مزید فروغ دیا جائے گا، جبکہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے حکومتی نظام میں شفافیت، تیزی اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔
شفیع جان نے کہا کہ صوبے کو ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لے جانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اسکلز کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمات کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل انقلاب کا مرکز بنایا جا سکے۔



