سوات: مٹلتان کے فلک سر ٹریک پر گلیشیئر پھٹنے سے 7 افراد متاثر، 3 زخمی سیدو شریف منتقل، ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاع، سرچ آپریشن جاری۔

سوات: سوات کے بالائی علاقے کالام کے مٹلتان میں آج شام تقریباً 7 بجے گلیشیئر پھٹنے کے باعث 7 افراد متاثر ہوئے، جبکہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 سوات سید شعیب منصور کی ہدایات پر ریسکیو کی میڈیکل ٹیم نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کالام میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے سنٹرل ہسپتال سیدو شریف منتقل کر دیا۔

زخمیوں میں حاور حسین (40 سال)، حارث (22 سال) اور ہارون (27 سال)، ساکنان راولپنڈی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں متاثر ہونے والے دیگر 3 افراد محفوظ ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ لاپتہ شخص سید علی شاہ، سکنہ خوازہ خیلہ، کی تلاش میں موقع پر موجود ہیں۔

ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ واقعہ انتہائی دور دراز اور دشوار گزار علاقے میں پیش آیا ہے، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سرچ آپریشن جاری ہے اور مزید معلومات موصول ہونے پر آگاہ کیا جائے گا۔

Show More
Back to top button