سوات میں بچوں کی تکرار پر خاتون کے قتل میں ملوث دو سگے بھائی گرفتار، آلہ قتل بھی برآمد

سوات (عارف احمد) تھانہ مٹہ پولیس نے تحصیل مٹہ کے علاقے شہتوت اویشاء میں خاتون کے قتل کے واقعے میں ملوث دو سگے بھائیوں کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل شہتوت اویشاء میں مسماۃ (س) زوجہ حبیب اللہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں ملزمان رفیع اللہ اور شاکر اللہ پسران محمد آمین کے خلاف تھانہ مٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے سخت نوٹس پر ایس ایچ او تھانہ مٹہ اکبر حسین نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ جدید تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کا آغاز کیا اور کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دونوں سگے بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ بچوں کے درمیان معمولی تکرار اور جھگڑے کے بعد ملزمان نے خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والے دو پستول اور کارتوس بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔



