سوات میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

سوات (عارف احمد): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس) سوات نعمت اللہ کی زیرِ صدارت ضلعی ایجوکیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مردانہ و زنانہ)، سب ڈویژنل آفیسرز محکمہ تعلیم، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس کے نمائندے نے ضلع سوات میں محکمہ تعلیم کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں، تعلیمی معیار اور سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے گئے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نعمت اللہ نے ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم اور ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر، فعال اور شفاف بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں بہتری اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی معیار میں بہتری، طلبہ کی حاضری میں اضافے اور تدریسی عمل کے مؤثر نفاذ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔
اجلاس کے اختتام پر تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز اور امور کا جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے۔



