سوات میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر کی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیرِ صدارت ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات سید نعمان علی شاہ، ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر سوات خورشید علی، محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W)، محکمہ بلدیات، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بابوزئی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات نے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے مختلف منصوبوں کا سکیم وار جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں سے جاری کام، تکمیل کی مدت اور درپیش مسائل سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلیم جان مروت نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام سکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ افسران منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کرتے ہوئے کام کے معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیتے رہیں۔

Show More
Back to top button