سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے معاملات، صوبائی وزیر صحت کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

سوات: صوبائی وزیر صحت خیبرپختونخوا خلیق الرحمان کی زیرِ صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کے دفتر سیدو شریف میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال، سنٹرل ہسپتال سیدو شریف، ایم ٹی آئی سوات اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سوات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈووکیٹ، ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان یوسفزئی، سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا فیاض علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اعوان، ڈین ایم ٹی آئی سوات پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق، ایم ایس ڈاکٹر محمد سلیم، ڈی ایچ او سوات اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال، سنٹرل ہسپتال سیدو شریف، ایم ٹی آئی سوات اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ہسپتالوں کی بائی فرکیشن (علیحدگی) کے معاملے پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو دو ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈووکیٹ اور رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان نے سوات میں اجلاس کے انعقاد اور مقامی سطح پر صحت کے مسائل کا جائزہ لینے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام کو معیاری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبے سے متعلق مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔

Show More
Back to top button