سوات میں جشنِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

سوات: جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر میں ملی جوش و جذبے کا اظہار کیا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوئی۔

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر قومی ترانہ پیش کیا گیا اور سوات پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ پرچم کشائی کے موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ بعد ازاں یومِ آزادی کی خوشی میں کمشنر ملاکنڈ نے کیک بھی کاٹا۔

تقریب میں ڈی پی او سوات محمد عمر خان، ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت، ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خالد رحمان وزیر، ڈویژنل فارسٹ آفیسر سوات ارسلان طارق، ایس پی ہیڈکوارٹرز عطاء اللہ خان، ایس پی ٹریفک پرویز خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سوات محب اللہ خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سوات نعمان علی شاہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر شعیب سمیت دیگر پولیس اور سول افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور اس کی ترقی میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یومِ آزادی اس عہد کے ساتھ منانا چاہیے کہ ہم وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانانِ برصغیر نے قائداعظمؒ محمد علی جناح کی قیادت میں جان و مال کی لازوال قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے اس وطن کی خاطر اپنا تن، من، دھن قربان کر دیا تھا۔ اس ملک کی سلامتی اور تعمیر و ترقی یہاں بسنے والے تمام لوگوں کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔

پرچم کشائی کے بعد شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا اور پودے بھی لگائے گئے۔ کمشنر ملاکنڈ نے کہا کہ آج کے دن ہر شہری کو چاہیے کہ وہ پودے ضرور لگائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک سرسبز و شاداب پاکستان دے سکیں۔

Show More
Back to top button