سوات میں نوجوان لڑکی سے مبینہ زیادتی کے بعد قتل، پشاور سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان گرفتار

سوات: (عارف احمد)تھانہ رحیم آباد پولیس نے ایک نوجوان لڑکی سے مبینہ زیادتی کے بعد اسے زہریلی دوا دے کر قتل کرنے کے الزام میں دو بین الضلاعی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ رحیم آباد کو ایک جوان العمر لڑکی کی موت کی اطلاع ملی، جس پر مقتولہ کے بھائی شہریار ولد عمر فاروق، سکنہ عثمان آباد ایبٹ آباد کی مدعیت میں ملزمان اسفندیار ولد محمد طارق اور محمد مزمل ولد سید احمد، ساکنان پشاور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے فوری نوٹس پر ایس ڈی پی او سرکل سٹی بخت زادہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد فضل رحیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر مقتولہ کو بائی پاس پر واقع ایک ہوٹل میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے زہریلی دوا کھلا دی۔ تشویشناک حالت میں لڑکی کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مقدمے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

نوٹ: ملزمان پر عائد الزامات پولیس کے ابتدائی مؤقف پر مبنی ہیں، جن کا حتمی فیصلہ عدالت کرے گی۔

Show More
Back to top button