مٹہ میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، دو فلائنگ کوچز ضبط، 10 ڈرائیور جرمانہ

برسوات: اسسٹنٹ کمشنر مٹہ محمد ادریس خان نے مٹہ-کالام روڈ اور مٹہ-گوالیری روڈ پر سرکاری طور پر جاری کردہ کرایہ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران زائد کرایہ وصول کرنے پر دو فلائنگ کوچز کو ضبط کرکے پولیس کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے 10 ڈرائیوروں کو موقع پر جرمانے عائد کیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد ادریس خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سرکاری کرایہ نامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ کرایوں کی پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



