سوات پولیس اور پاک آرمی کا تحصیل کبل کے پہاڑی علاقوں میں مشترکہ گرینڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن

سوات: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی قیادت میں سوات پولیس اور پاک آرمی نے تحصیل کبل کے پہاڑی علاقوں میں ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ گرینڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن میں سوات پولیس، پاک آرمی، ایلیٹ فورس، انسداد دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی)، بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ مقامی افراد نے بھی بڑی تعداد میں آپریشن میں تعاون کیا۔
سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن تھانہ کبل کی حدود میں واقع پہاڑی علاقوں قلاگے اور جکڑ بابا میں کیا گیا، جہاں شرپسند عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کی تلاشی لی گئی۔ اس دوران علاقے کے معززین سے بھی ملاقاتیں کی گئیں اور امن و امان کی صورتحال، مشکوک افراد اور مشتبہ سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمر خان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کا مقصد موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اور ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہے۔
ڈی پی او سوات نے واضح کیا کہ کسی کو بھی ریاستی اداروں کی رِٹ چیلنج کرنے یا ضلع کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوات پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت الرٹ ہے اور امن میں خلل ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔



