مہوڈنڈ جھیل میں کشتی رانی دوبارہ بحال، نئے حفاظتی ضوابط نافذ

سوات(عارف احمد): سیف اللہ جھیل میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد تقریباً پندرہ روز سے معطل کشتی رانی چاروں اقوام کے باہمی اتفاق کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، جس سے مقامی افراد کا متاثرہ روزگار بھی بحال ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق کشتی رانی کی معطلی کے باعث جھیل سے وابستہ مقامی افراد کو معاشی مشکلات کا سامنا تھا۔ صورتحال کا جائزہ لینے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے چاروں اقوام کے مشران نے مشاورت کے بعد کشتی رانی بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے نئے حفاظتی ضوابط بھی نافذ کیے گئے ہیں۔ فیصلے کے مطابق 18 سال سے کم عمر افراد کو کشتی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہر کشتی کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے گا، تمام مسافروں کے لیے لائف جیکٹ پہننا لازمی ہوگا، جبکہ کشتی کا انجن اور دیگر حفاظتی سامان مکمل طور پر درست حالت میں ہونا ضروری ہوگا۔
مقامی مشران کا کہنا ہے کہ ان حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا تاکہ سیاح محفوظ ماحول میں سیر و تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں، جبکہ مقامی افراد کا روزگار بھی محفوظ انداز میں جاری رہے۔



