سوات کے نجی ہسپتالوں کا اجلاس، نئی کابینہ کی تشکیل اور صحت سہولت پروگرام پر تحفظات کا اظہار

سوات: آل سوات پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن کا باقاعدہ اجلاس ہفتہ کے روز سمز ہسپتال میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے نمایاں نجی ہسپتالوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں نجی ہسپتالوں کو درپیش مسائل، شعبہ صحت سے متعلق مختلف امور اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں ایسوسی ایشن کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے نئی کابینہ کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اس سلسلے میں آئندہ اجلاس میں مزید پیش رفت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

شرکاء نے صحت سہولت پروگرام (SSP) کے تحت مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں 28 فیصد ٹیکس کے نفاذ کے بعد صحت سہولت پروگرام کے تحت معیاری علاج، ادویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے متعلقہ حکام اور مقتدر اداروں کو تحریری طور پر اپنے تحفظات اور سفارشات ارسال کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو درپیش ممکنہ مشکلات کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آل سوات پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن کا آئندہ اجلاس اگلے ہفتے لقمان انٹرنیشنل ہسپتال میں منعقد ہوگا، جس میں سول سوسائٹی، سماجی و فلاحی تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ شخصیات کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر سمز ہسپتال کے نمائندے ڈاکٹر محمد ندیم نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Show More
Back to top button